پانی کے مسئلے پر وفاق اور سندھ سے بات کریں گے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

116

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے جعفرآباد کے ایک وفد نے عطا اللہ خان بلیدی کی قیادت میں ملاقات کی۔صوبائی وزرامیر عارف جان محمدحسنی اور میرنصیب اللہ مری بھی موجود تھے ۔وفد نے وزیراعلیٰ کو ضلع میں درپیش مختلف مسائل خاص کر آبپاشی اور پینے کے پانی کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کے لیے درخواست کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ارسا معاہدے کے تحت اپنے حصے کے پانی کے مکمل حصول کے لیے جامع منصوبہ بندی کررہی ہے اور یہ مسئلہ سندھ اور وفاقی حکومت کی سطح پر اٹھایا جائے گا تاکہ پانی کی تقسیم منصفانہ بنیادوں پرہو۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت جعفرآباد کے زمینداروں کو آبپاشی اور پینے کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور پٹ فیڈر اور کیرتھرسے پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے تعلیم، صحت، پینے کے پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے جو عوام کا حق ہے اور حکومت اپنی یہ ذمے داری پورا کرے گی۔