دفاع وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہمارا فخر ہیں، شمس الرحمن سواتی

101

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ وامیر ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے فوج کے جوان پوری قوم کا فخر ہیں، پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اور اس کے چپے چپے کی حفاظت نظریہ پاکستان کی حفاظت ہے، فوج کی بنیاد اور ماٹو ایمان، تقویٰ، جہاد فی سبیل اللہ ہے جس کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے، اسی نظریے اور ماٹو پر پاک فوج کا جوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان عمل میں نکلتا ہے اور اپنی جان تک قربان کردیتا ہے۔ قادیانی اللہ ورسولﷺ کے دشمن ہیں، توہین رسالت کرنے والے ملعونوں کو شریک اقتدار کرنا اللہ سے بغاوت ہے، قادیانی اگرآج خود کو آئین پاکستان کے تابع کرلیں اور خود کو اقلیت تسلیم کرلیں تو انہیں اقلیتوں کے تمام حقوق دینے پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمت آباد میں جماعت اسلامی پی پی 13 کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی رہنما محمد تاج عباسی، امیر زون ملک محمد الیاس سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہحکمران عاشقان مصطفیﷺ کے جذبات سے کھیلنے سے گریز کریں۔ نبی اقدسﷺ کی ناموس کے حوالے سے دنیا بھر کے مسلمان بیدار ہیں اور کسی ملعون کو اپنے نبیﷺ کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دیں گے۔