کے پی ٹی یوم دفاع کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی ٹرافی سول ایوی ایشین اتھارٹی کے نام

228
کراچی :سابق جنرل منیجر کراچی پورٹ ٹرسٹ انجینئر امام بخش بلوچ کے پی ٹی یوم دفاع کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دے رہے ہیں
کراچی :سابق جنرل منیجر کراچی پورٹ ٹرسٹ انجینئر امام بخش بلوچ کے پی ٹی یوم دفاع کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دے رہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سر علی اصغر فٹبال اکیڈمی کے زیراہتمام کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں کے پی ٹی یوم دفاع کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قبضہ جمالیا، فائنل میں ایک سخت مقابلے کے بعد کراچی یونائیٹڈ کو 2-1سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے یہ پہلا ٹائٹل جیتا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے قیام کی تشکیل کے بعد پی ایف ایف چیلنج کپ میں پہلی مربتہ انٹری دینے والی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے چیلنج کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، اور تما م بڑی ٹیموں کو شکست دیکر خطرے کی گھنٹی بجادی اور ایونٹ میں تیسری پوزیشن پر شاندار اختتام کیا۔ آج یوم دفاع کا فائنل جیت کر پہلی مرتبہ ٹرافی کو اپنے شو کیس دیکر کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں کے پی ٹی یوم دفاع کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی یونائیٹڈ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا۔ کھیل کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں کے فاروڈز نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑتوڑ حملے کئے لیکن ان تمام حملوں کو دونوں ٹیموں کے گول کیپرز اور دفاعی کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل سے ناکام بنادیا۔پہلے ہاف کے36 ویں منٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے وحید نے گول بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی برتری دلوادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم نے گول اتارنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس کو کامیابی نہیں مل سکی۔ ہاف ٹائم میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم1-0 سے جیت رہی تھی۔وقفے میں مہمان خصوصی سابق جنرل منیجر کراچی پورٹ ٹرسٹ انجیئنر امام بخش بلوچ سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا، ان کے ساتھ سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رحیم بخش بلوچ، ڈی ایف اے ملیر کے سیکریٹری شاہد تاج، کے ای کے کوچ اکبربلوچ، سابقہ فیفا ریفری عبدالشکور بلوچ،اظہر محمود مفتی، نیشنل بینک کے ہیڈ کوچ سید ناصر اسماعیل، اسسٹنٹ کوچ محمد قاسم،کلری محمڈن کے عبدالوحید،آرگنائزنگ سیکریٹری ایشلے جانی ڈین، محمد اقبال مہناس، احمد علی واسطی،سمیت دیگر موجود تھے۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں کراچی یونائیٹڈ نے گول برابر کرنے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے گول پر جوابی حملے کئے ، دوسرے ہاف کے67 ویں منٹ میں کراچی یونائیٹڈ کی طرف سے حمید نے گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی یونائیٹڈ کے گول پر دوبارہ سے دباؤ بڑھاتے ہوئے حملے کئے ، اور کھیل کے اختتام سے دس منٹ کے بعد 80 ویں منٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کی طرف سے سعید نے گول بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں ایک مرتبہ پھر2-1 کی سبقت دلوادی۔ کھیل کے اختتامی دس منٹ میں کراچی یونائیٹڈ نے گول برابر کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن اس کو گول کرنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔ریفری شاہ نواز شانی نے جب اختتامی وسل بجائی تو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم2-1 سے سرخرو ہوکر ٹرافی کی حقدار بن گئی۔