حکمراں، سیاستدان اور تاجرسیدنا عمر فاروقؓ کی سیرت کا مطالعہ کریں

110

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خاں نے کہا ہے کہ سیدنا عمر فاروقؓ نے حکمرانی کے ایسے سنہرے اصول واضح کیے جو کہ پوری اُمت مسلمہ کے حکمرانوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ ہیں، حکمراں، سیاستدان، تاجر جرنیل سیدنا عمر فاروقؓ کی سیرت کا مطالعہ کریں، عہد فاروقی اسلام کا سنہری دور تھا ۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں ہر بحران اوربدامنی کا خاتمہ حضرت عمر فاروقؓ کے دور خلافت کے نظام کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ حضرت عمر فاروقؓ عدل و انصاف کے پیکر تھے، ملک عزیز سے بدامنی کے خاتمے کیلیے عدل فاروقی کو اپنانا ہوگا۔حضرت عمر فاروق کا عدل آج تک ضرب المثل ہے انہوں نے کہاکہ عمرؓکادور خلافت مسلمانوں کی ترقی و عروج کا زمانہ تھا، سیدنا عمرفاروقؓ حاجت مندوں کیلیے اپنے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھتے تھے۔ حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ذات وہ ذات ہے جنہوں نے امت مسلمہ کو پولیس نظام، عدلیہ نظام، صحت عامہ، زراعت کو فروغ، نہری نظام، حرم شریف اور مسجد نبوی ﷺ کی توسیع، باجماعت نماز تراویح، نئے شہروں کی آباد کاری، تجارتی نظام پر طریقہ زکوٰۃ، یہودیوں اور عیسائیوں کے وظائف، چوکیوں کا قیام، بچوں کے وظائف، امام اور مؤذن کی تنخواہیں مقرر کرنا، فرائض میں عدل کا مسئلہ، حربی تاجروں کو تجارت کی اجازت، جہاد کیلیے باقاعدہ گھوڑوں کی پرورش کا اہتمام، گلیوں، سڑکوں کی توسیع کا نظام، جیومیٹری کے باقاعدہ حساب کتاب کیلیے باقاعدہ شعبوں کا قیام، دنیا میں مردم شماری کی بنیاد ڈالی۔انہوں نے کہاکہ حضرت عمر فاروقؓ نے اپنا سب کچھ آپ کے قدموں میں قربان کرکے مہروفا، ایثار و سخا اور قربانیوں کی وہ مثال قائم کی جس کی نظیر تاریخ انسانیت کیلیے مشعل راہ ہے۔سیدنا عمر فاروقؓ کا دور فتوحات اسلامی کا دور تھا، آپؓ کا دور حکومت اسلام مساوات اور عدل و انصاف خوشحالی کا گہوارا تھا، آپؓ نے عوام کے حقوق ان کی گھر کی دہلیز پر فراہم کیے۔