بلوچستان عوامی پارٹی کے میرسرفرازبگٹی 37 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب

87

کوئٹہ (نمائندہ جسارت ) بلوچستان میں سینیٹ کی خالی ہونے والی جنر ل نشست پربلوچستان عوامی پارٹی کے میر سرفراز بگٹی 37 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ 61 اراکین اسمبلی میں سے 57 نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ ریٹرنگ آفیسر الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز بلوچ نے نتائج کااعلان کیا۔ پولنگ صبح 9 سے4 بچے تک جاری رہی۔ متحدہ مجلس عمل کے حاجی رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے20ووٹ لیے۔ آزاد امیدوارغلام دستگیربادینی اورعلاالدین مری کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔ 4 اراکین اسمبلی نے رائے دہی استعمال
نہیں کیا۔پہلا ووٹ بی اے پی کے رکن صوبائی اسمبلی دنیشن کمار نے جبکہ آخری ووٹ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے کاسٹ کیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار میر عامر رند سرفراز بگٹی کے حق میں دستبردار ہوگئے ۔ بی این پی نے ایم ایم اے کے امیدوار کی حمایت کی۔ میرسرفرازبگٹی کو بی اے پی، پی ٹی آئی، اے این پی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اوربی این پی عوامی کی حمات حاصل تھی۔ سینیٹ کی یہ نشست میرنعمت اللہ زہری کے پی بی 36 شہید سکندر آباد سے بلوچستان اسمبلی کا رکن منتخب ہونے سے خالی ہوئی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اورجنرل سیکرٹری منظورکاکڑنے نومنتخب سینیٹر میرسرفرازبگٹی کومبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ سینیٹ میں بلوچستان کی نمائند گی بھر پور انداز میں کریں گے۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں 35 ارکان نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا، ہمارے ہاں کوئی اتحادی بی، سی اور ڈی ٹیم نہیں، سب یکساں ہیں۔ پی ٹی آئی صوبائی کابینہ کاحصہ ہے وہ اپنا ایجنڈا کابینہ میں پیش کریں۔