منی بجٹ کے آنے سے مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوگا،میاں زبیر لطیف

73

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیر میاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم اور میاں عبدالستاربیگا و دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں تحریک انصاف کی حکومت کاپہلا منی بجٹ آئندہ ہفتے قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی اطلاعات پر اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کو آئے ابھی ایک ماہ نہیں ہوااور منی بجٹ لانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔منی بجٹ کے آنے سے مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔300ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔حکمرانوں نے ٹیکس نیٹ کو بہتربنانے اور بڑے مگر مچھوں کو اس میں لانے کی بجائے عوام پربوجھ ڈالنے کاسلسلہ شروع کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ نئی حکومت کوچاہیے تھا کہ غریب عوام کو ریلیف دیتی اور سرمایہ داروں سے ٹیکس وصولی کامربوط نظام بنایاجاتا مگر المیہ یہ ہے کہ ایسا نہیں ہورہا۔پہلے سے پسے ہوئے غریب عوام پر بجلی کے فی یونٹ4روپے اضافہ کی تجویز عوام پر سراسر ظلم ہے۔حکومت بجلی کی قیمتوں میں 4روپے اضافے کی تجویزکوواپس لے۔ موبائل پر ٹیکس12.5سے بڑھا کر 17.5فیصد کرنا،بجلی کے نرخوں میں4روپے فی یونٹ تک اضافہ، سبسڈی540ارب سے کم کرکے 100ارب کرنا،وفاقی ترقیاتی پروگرام میں کٹوتی سمیت بے شمار ایسے اقدامات ہیں جن پر عمل درآمدہونے سے عوامی مشکلات بڑھ جائیں گی۔