کشمیریوں کو شہید کرکے سڑکوں پر گھسیٹنا انسانیت کی تذلیل ہے، میاں مقصود

154

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بدترین مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شہیدکرکے سڑکوں پر گھسیٹنا انسانیت کی تذلیل ہے۔بھارت کی بربریت اوردرندگی کھل کر سامنے آچکی ہے۔کشمیریوں کی جدوجہد سے بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکاہوچکی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں موبائل اور انٹرنیٹ کی سروس معطل کرنا اور متعدد حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں تشویش ناک اور لمحہ فکر ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اوراس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔پاکستان کے22کروڑ عوام کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ بھارت مسلسل پُرتشددکارروائیوں کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کوشہید کرچکا ہے جبکہ اقوام متحدہ اور انسانیت کے علمبردار ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم حد سے بڑھ چکے ہیں۔انڈین فورسزکشمیری عوام پر پیلٹ گنوں سے فائرنگ کرکے ان کی بینائی چھین رہی ہیں۔اب تک ہزاروں کشمیری اپنی بینائی کھوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئے روزمقبوضہ کشمیر سے شہادتوں کی اطلاعات آرہی ہیں۔بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیرکی سویلین آبادی پر فائرنگ کے واقعات اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہندوستان کوکسی عالمی قانون کی کوئی پرواہ نہیں۔وہ طاقت کے نشے میں آکر جنوبی ایشیا کاامن تباہ وبربادکرنے پر تلاہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔بھارت کی تمام کارستانیوں کوخاک میں ملانے کے لیے اس کامقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کی نئی حکومت بھارت کے حوالے سے واضح خارجہ پالیسی متعین کرے اوربھارتی ریاستی دہشتگردی کے بار ے میں دنیا کوآگاہ کیاجائے۔اقوام متحدہ اور یورپی یونین میں اس اہم اور حساس معاملے کوبھرپورانداز سے اٹھایاجائے۔عالمی سطح پر ہندوستان کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیاجانا چاہیے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلانے کے لیے حکومت پاکستان اپنی تمام ترتوانائیوں کوبروئے کار لائے۔