حب اور وندر میں 15 ہاؤسنگ اسکیموں پر کام بند، این او سی سے مشروط

151

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان حکومت نے صنعتی علاقوں حب میں 7 اور وندر میں 8 غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں پر فوری طور پر کام روک دیا، ساتھ ہی قانون پر سختی سے عمل درآمد کے لیے ان اسکیموں کو این او سی سے منسک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال
نے حب میں سرکاری افسران، قبائلی اور سیاسی عمائدین سے خطاب کے دوران اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے حب، لسبیلا اور دیگر اضلاع میں غیرمنظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کی اجازت نہیں ہوگی۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کی 1600 غیر منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر کام روک دیا ہے۔ یہ اسکیمیں صوبائی حکومت اور متعلقہ محکموں سے منظور نہیں کرائی گئی تھی جبکہ گزشتہ ادوار میں ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز کے اجرا میں تفریق برتی جاتی تھی۔ کچھ منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے جاری کیے جاتے تھے جبکہ دیگر کے لیے 20 کروڑ روپے کا اجرا ہوتا تھا، جس کی وجہ سے صوبے کی ترقی پر فرق پڑا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں ترقیاتی کاموں میں کوئی سیاسی اثر و رسوخ نہیں ہوگا اور تمام ترقیاتی کام میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔