ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کرم ایجنسی کے فٹ بال گراؤنڈ میں خودکش حملہ آوروں کے حملے کو لیویز اہلکاروں نے ناکام بنا دیا ۔ ایک دہشتگرد لیویز اہلکاروں کی گولیاں کو نشانہ بن گیا جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ علی زئی میں فٹبال میچ کے دوران دو خودکش حملہ آور داخل ہوئے، لیویز اہل کاروں نے خودکش حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش اسی دوران ایک حملہ آور بھاگ کر تماشائیوں تک پہنچ گیا، خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے دھماکا کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیویز نے تعاقب کیا، اور حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کیا، گولی لگنے سے خودکش حملہ آور کی جیکٹ بھی پھٹ گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لیویز اور تماشائیوں کی مستعدی اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کا عزم ہے کہ ان گمراہ دہشتگردوں کو کوئی جگہ نہیں دی جائے گی اور دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔