حب ڈیم سے پانی کی فراہمی مکمل بند ، سرجانی ، اورنگی اور بلدیہ بری طرح متاثر

457

کراچی ( رپورٹ : محمد انور )حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر بندہوگئی‘ سرجانی ،اورنگی اور بلدیہ ٹاؤن بری طرح متاثر ، 40لاکھ سے زاید افراد متاثر ہوں گے، ضلع غربی میں پانی بحران کے باعث ٹینکر مافیا نے بھی فی ٹینکر 500روپے اضافہ کردیا ہے ‘متبادل ذرائع سے ان علاقوں کو پانی کی فراہمی کے باعث شہر کے دیگر علاقوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے،واٹر بورڈ حکام نے سر جوڑ لیے، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ایگزیکٹو انجینئرکا تبادلہ کر دیا گیا۔ انجینئر قاضی اظہر کو چیف انجینئر واٹر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت، ایگزیکٹو انجینئر اعجاز حسین تونیو کو مقرر اعجاز حسین اس سے قبل ٹریٹمنٹ پلانٹ 2 پر تعینات تھے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایت پر ٹی پی ٹو کے ایگزیکٹو انجینئر کا اضافی چارج ایس ای وسیم اختر کو دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حب ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول پر پہنچنے کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی کی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے ۔ جس کے بعد متاثرہ علاقوں کو پانی فراہم کرنے کے لیے متبادل ذرائع اختیار کرنے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب واٹر بورڈ کے ذرائع کے مطابق
ایم ڈی خالد محمود شیخ نے دھابیجی سے پانی کی پمپنگ کے نظام میں نقائص کا نوٹس لیا تھا۔ جس پر انہوں نے فوری طور پر متعلقہ ایکسین سے جواب طلب کیا‘ تسلی بخش جواب نہ دینے پر ان کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ ایگزیکٹو انجینئر اعجاز حسین تونیو کو مقرر کردیا ہے۔ وہ اس سے قبل ٹریٹمنٹ پلانٹ 2 پر تعینات تھے۔ ایم ڈی کی ہدایت پر ٹی پی ٹو کے ایگزیکٹو انجینئر کا اضافی چارج ایس ای وسیم اختر کو دے دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ان دنوں حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بند ہونے کے بعد صرف دھابیجی ہی سے 435 ملین گیلن یومیہ پانی کراچی کو مل رہا ہے۔ دھابیجی سے پانی کی فراہمی کے نظام میں بعض شکایات ملنے پر ایم ڈی نے وہاں کے ایگزیکٹو انجینئر قاضی اظہر کو ہٹاکر انہیں چیف انجینئر واٹر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو یومیہ سو ملین گیلن پانی ملا کرتا تھا مگر بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے اب صرف دریائے سندھ سے پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔ حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بند ہونے سے شہر میں پانی کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے ، جس کے باعث ٹینکر مافیا کی بھی چاندی ہوگئی ہے ۔ ضلع غربی میں1000گیلن کے ٹینکر پانی میں 500روپے کااضافہ ہوگیاہے ۔