حکومت نے کراچی میں 600 جدید بسیں چلانے کی چینی پیشکش مسترد کردی

213

کراچی (رپورٹ: محمد انور) صوبائی حکومت نے کراچی میں 600 بڑی بسیں لانے کی چین کی کمپنی کی پیشکش کومسترد کردیا ہے۔ چین کی ٹرانسپورٹ کمپنی نے ایکو الیکٹرو بسیں چلانے کے لیے آسان شرائط پر مبنی پروپوزل پیش کیا تھا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت
اجلاس میں میئر وسیم اختر صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ و مانس ٹرانزٹ اور دیگر نے شرکت کی تھی۔ چین کی ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندوں نے پیشکش کی کہ وہ کراچی شہر کے تقاضوں کے مطابق ایکو الیکٹرو بسیں چلانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ 600 بسیں ائرکنڈیشنڈ اور آرام دہ ہونگی جبکہ یہ بجلی سے چلائیں جائے گی۔ ان کا کرایہ بھی اسٹیجز کے حساب سے مناسب ہوگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کمپنی نے فوری طور پر 6 مختلف روٹس پر مجموعی طور پر 600 بسیں چلانے کا پروگرام بتایا تھا۔اس منصوبے کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیے جانے تھے۔ تاہم مذکورہ کمپنی کی شرط تھی کہ حکومت کو موجودہ بسوں کے تمام روٹس بند کرنے ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو یہ شرط منظور نہیں تھی حکومت کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں ہوسکتا کہ مقامی ٹرانسپورٹرز کا روزگار ختم کردیا جائے۔ اس مؤقف کے ساتھ حکومت نے چین کی کمپنی کی پیشکش کو مسترد کردیا۔