طارق کی جگہ اب عمران عزیز نیلام گھر چلا رہے ہیں، حافظ حسین احمد

99

جیکب آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان و متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ طارق عزیز کی جگہ اب عمران عزیز نیلام گھر چلا رہے ہیں، ملک کے معاملات کو چندے کے دھندے سے حل کرنے کا منصوبہ اور پلان ہے، چندے سے ملک نہیں چلتے، فواد چودھری کے لیے اسپیڈ بریکر کی ضرورت ہے، فواد چودھری نے مشرف، چودھری برادران اور نواز شریف سے لے کر عمران خان تک پہنچنے میں بھی تیزی سے کام لیا، شیخ رشید مفت کے کھانے کے ساتھ زندگی کی تمام ضروریات کو ’’ایڈہاک‘‘ بنیادوں پر حل کرتے ہیں، ملک معاشی، اقتصادی، خارجہ اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ جمعرات کے روز جیکب آبادکے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت نیلام گھر سجا ہوا ہے کبھی گاڑیاں تو کبھی بھینسیں نیلام کی جارہی ہیں۔ چین سے معاملات عرب تک پہنچ گئے ہیں اور اب ہندوستان سے پنگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں جس انداز میں تقریر کی ہے ان کے لیے اسپیڈ بریکر کی اشد ضرورت ہے وہ جس تیزی کے ساتھ جا رہے ہیں وہ سب کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔ فواد چودھری کی تیزی کا تو یہ عالم رہا ہے کہ مشرف سے چودھری برادران اور نواز شریف سے لیکر عمران خان تک ان کو پہنچنے میں زیادہ دیر نہیں لگی اب کچھ دیر یہیں ٹک جائیں تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شور مچانے سے اب معاملات حل نہیں ہونگے اب چور کو مال مسروقہ سمیت سزا دلوانا ہی مسئلہ بنا ہوا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے جے یو آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت بحران کے ساتھ ملک میں معاشی، اقتصادی، سیاسی اور خارجہ بحران بھی موجود ہے اور اس کے ساتھ خارجہ امور پر اس وقت جو صورتحال ہے وہ کبھی اتنی خطرناک نہیں رہی ہے، ہندوستان میں آنے والے انتخابات کے موقع پر پاکستان مخالف صف بندی ضرور ہوگی، اگر ہندوستان نے کوئی غلطی کی تو اس کا خمیازہ سب بھگتیں گے۔