وزیر خارجہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں پیش کرنااورقومی زبان میں تقریر کوپوری قوم سراہتی ہے

107

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی امیر العظیم نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور جارحیت کو بے نقاب کرکے پاکستان کا مقدمہ اچھا لڑا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں قومی زبان اردو میں تقریرکی جس کو پوری قوم سراہتی ہے۔ انہوں نے جموں وکشمیر کا مقدمہ بھی بہترین انداز میں اقوام متحدہ میں پیش کیا، حکومت کا یہ اقدام قابل تحسین ہے۔ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کا قومی ایشوز پر ایک پیج پر ہونا خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بطور ریاست دہشت گردوں کو سپورٹ کررہا ہے۔ بلوچستان میں کل بھوشن نیٹ ورک کا رنگے ہاتھوں پکڑے جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں انتشار، افراتفری اور دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ہی جاملتے ہیں۔ سمجھوتا ایکسپریس میں جلائے جانے والے پاکستانیوں اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی ذمے دار بھارتی حکومت ہے۔ گجرات فسادات میں نریندر مودی کا اصل چہرہ پہلے ہی دنیا کے سامنے آچکا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج کی جانب سے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی آٹھ لاکھ فوج کی ناکامی چھپانے کے لیے پاکستان کو نشانہ بنارہا ہے۔ بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جائے۔ مسئلہ کشمیر 3 کروڑ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہی حل ہونا چاہیے۔ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہاں ہے۔ بھارت بھی اپنا جارحانہ رویہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کوختم کرکے خطے تعمیری وترقی کے لیے کردار ادا کرے۔ بھارت کی سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں خطے کی تباہی کا باعث بن سکتی ہیں۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو سمجھے اور مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔