تجاوزات کی بھرمار نے تاجروں اور شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے

108

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر چودھری محمد سلیم گجر، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، میاں افتخار علی، یوسف گل پراچہ، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد صدیق، عثمان انور جٹ اور دیگر نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت کی عدم توجہ کے باعث شہر کی مارکیٹوں، بازاروں اور اہم چوراہوں پر تجاوزات کی بھرمار نے تاجروں سمیت شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے، اہم چوکوں اور سڑکوں پر ٹریفک جام رہنا معمول جبکہ ٹریفک وارڈنز چالانوں میں مصروف عمل نظر آتے ہیں۔ شہر میں تجاوزات کو تقویت دینے والی ٹاؤن انتظامیہ ہے جو تجاوزات کے عوض اپنی جیبیں گرم کررہی ہے۔ شہر کے مختلف تجارتی مراکز جھنگ بازار، امین پور بازار، کچہری بازار، ریل بازار، چنیوٹ بازار، غلام محمد آباد صدر بازار، ستیانہ روڈ ریکس سٹی، ملت روڈ نور پورہ سمیت شہر میں قائم پلازوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار ہے۔ سرکاری سطح پر ٹاؤن کے اہلکاروں میں کالی بھیڑیں تجاوزات کیخلاف ایکشن لینے کے بجائے نذرانے وصول کرتی ہیں۔ چودھری سلیم گجر نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاغذی کارروائیوں کے بجائے حقیقی طور پر شہر کے اہم چوراہوں اور تجارتی مراکز اور بازاروں میں تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے اور ذمے داران کیخلاف بھر پور کارروائی کی جائے۔