واٹر بورڈ: ہائیڈرنٹس سیل کے ایس ای بر طرف ، 21 انجینئر کے تبادلے

206

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) شہر میں پانی کی فراہمی کا نظام بہتر بنانے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی خالد محمود شیخ نے ہائیڈرنٹس کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو عہدے سے فارغ جبکہ 21 انجینئرز اور دیگر کا تبادلہ کردیا۔ ایس ای ہائیڈرنٹس شکیل قریشی گزشتہ کئی سال سے ہائیڈرنٹس انچارج کی ذمے داریاں سنبھالے ہوئے تھے۔ایم ڈی کی ہدایت پر انہیں اس اسامی سے فارغ کردیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق ضلع کورنگی کے سپرنٹنڈنٹگ انجینئر واجد اقبال کا تبادلہ کردیا گیا اور ان کی جگہ ایس ای سعید احمد کومقرر کیا گیا ہے۔ ای ای عبداللہ عمران کو نارتھ ناظم آباد ٹاؤن سے ہٹاکر کے ڈی سی ون ڈویژن لگادیا گیا ان کی جگہ کلیم اختر کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ایگزیکیٹیو انجینئر جہاں زیب خان کو لیاقت آباد ٹاؤن مقرر کیا گیا۔ای ای سلیم اختر کو لانڈھی سے ہٹاکر کورنگی میں تعینات کردیا گیا جبکہ ان کی جگہ اے ای ای ابرار حسن کو کورنگی سے ہٹاکر ایگزیکٹو انجینئر لانڈھی متعین کیا گیا۔ اسکیم 33 کے ایگزیکٹو انجینئر کو فوری طور پر اس پوسٹ سے ہٹاکر محکمہ ہیومن ریسورسس و مینجمنٹ میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ان کی جگہ تابش حسن کو اسکیم 33 اور گلستان جوہر کا ایکسین بنادیا گیا۔اے ای ای خالد فاروقی کو گلستان جوہر کا اے ای ای مقرر کیا گیا ہے۔بلدیہ ٹاون اور سائٹ کے ایگزیکیٹیو انجینئر عثمان خاصخیلی کا تبادلہ کرکے انہیں ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ان کی جگہ ڈبلیو ٹی ایم کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر احمد علی درانی کو سائٹ اور بلدیہ ڈویژن میں لگادیا گیا۔تنویر شیخ کو ای ای ، سی ٹی ایم مقرر کیا گیا ہے۔اے ای ای عرفان اللہ کو ایف ٹی ایم میں ایکسین مقرر کردیا گیا۔ایاز حسین تونیو کو ایکسین ایس ٹی پی2 تعینات کیا گیا۔گھارو پمپنگ کے اے ای ای اعجاز علی کو دھابیجی پمپنگ کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا ہے۔غلام محمد کو کے 2 اور3 کا ریزیڈنٹ انجینئر بنادیا گیا۔سردار علی شاہ کو ہائینڈرنٹ سیل کے انچارج کی اضافی ذمے داریاں دیدی گئیں۔نیپا ہائینڈرنٹ کے انچارج سب انجینئر طارق حسن شاہ کا تبادلہ کرکے انہیں محکمہ ہیومن ریسورسز و مینجمنٹ میں رپورٹ کی ہدایت کی گئی۔سب انجینئر اشفاق اعوان کو اسٹیٹ و لینڈ ڈپارٹمنٹ کی اضافی ذمے داریاں بھی دیدی گئیں۔ان کے علاوہ 7 دیگر ملازمین کے بھی تبادلے کیے گئے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ یہ تبادلے و تعیناتی کا مقصد پانی کی تقسیم کا نظام بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپا ہائیڈرنٹ کے حوالے سے انہیں مسلسل شکایات مل رہی تھیں اس لیے وہاں کے انچارج کو برطرف کرکے ایچ آر ایم ڈپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کو کہا ہے۔