پی ٹی آئی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی پالیسی نہیں، سلیم گجر

69

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر چودھری محمد سلیم گجر، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، میاں افتخار علی، یوسف گل پراچہ، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد صدیق، عثمان انور جٹ اور دیگر نے بجلی کے نرخوں میں اضافے اور اشیائے ضروریہ پر ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ تحریک انصاف کی نئی حکومت مسلسل عوام کا خون نچوڑنے میں لگی ہوئی ہے۔ ملکی معیشت انتہائی دگرگوں حالت میں ہے۔ عوام نے ماضی کے حکمرانوں کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں سے تنگ آکر پی ٹی آئی کو موقع دیا مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اس کے پاس بھی کوئی معاشی پالیسی نہیں۔ وفاقی حکومت کو ایسی معاشی پالیسی بنانی چاہیے کہ جس سے حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف میسر ہو۔ جب تک معاشی صورتحال میں بہتری نہیں آتی تب تک ملک میں ترقی اور پاکستانی عوام کی زندگی میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ حکومت مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کر کے عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انتخابات سے قبل کیے جانے والے دعوے اور وعدے ایک ایک کرکے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں۔ جب تک پاکستان کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہیں دیا جائے گا تبدیلی کا نعرہ کھوکھلا ہی محسوس ہوتا رہے گا۔ چہروں کی تبدیلی سے نظام میں نہ پہلے کبھی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی اب آئے گی۔ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہییں جن سے عوامی مسائل ومشکلات کم ہوں۔