وفاقی کابینہ میں مزید توسیع، 5 وفاقی وزراء ، ایک وزیر مملکت نے حلف اٹھالیا۔

298

صدر مملکت عارف علوی نئے وزراء سے حلف لے رہے ہیں: 

وفاقی کابینہ میں مزید 6 نئے وزرا کو شامل کرلیا گیا جنہوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں توسیع کے فیصلے کے بعد مزید 6 وزرا کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جن میں 5 وفاقی وزیر اور ایک وزیر مملکت شامل ہیں۔

نئے وزراء کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما زرتاج گل سے وزیر مملکت کا حلف لیا جب کہ وفاقی وزراء کا حلف اٹھانے والوں میں محمد میاں سومرو، فیصل واوڈا، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور اور صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں۔

محمد میاں سومرو کو پہلے وزیر مملکت کے طور پر کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اس پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے حلف نہیں اٹھایا تھا اور کراچی واپس آگئے تھے۔

محمد میاں سومرو کو نجکاری اور علی امین گنڈا پور کو وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کا قلمدان دیاگیا۔

اعظم سواتی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جب کہ فیصل واوڈا آبی وسائل کے وفاقی وزیر ہوں گے۔

صاحبزادہ محبوب سلطان کو وفاقی وزیر برائے وزارت فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کا قلمدان دیا گیا جب کہ زرتاج گل کو وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کابینہ میں نئے وزراء اور وزیر مملکت کے اضافے کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی کل تعداد 30 ہوگئی ہے جن میں 24 وفاقی وزیر اور 6 وزیر مملکت شامل ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم نے 4 معاون خصوصی اور 4 مشیر بھی رکھے ہوئے ہیں۔