تبدیلی کا خواب دکھا کر عوام کی نیندیں اڑا دی گئیں، امیر العظیم

72

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ گیس کے نرخوں میں 143 فیصد اضافہ قابل مذمت ہے، اس سے عوام کی مشکلات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوجائے گا، اس کو فی الفور واپس لیا جائے۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ان کوکسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ تبدیلی کا خواب دکھا کر چند دنوں میں ہی عوام کی نیندیں اڑا دی گئی ہیں۔ موجودہ حکومت نے انتخابات سے قبل بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے، معیشت کی بحالی، غیر ملکی قرضوں سے نجات، کشکول توڑنے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے، بیمار صنعتی اداروں کی بحالی کے خوبصورت اور بلند و بانگ دعوے کیے مگر یہ نعرے اور دعوے عملی طور پر کہیں بھی پورے ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔ تقریباً دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کسی ایک وعدہ پر بھی عمل درآمد نہیں ہوسکا بلکہ اس کے برعکس مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے ساری کسر نکال کر رکھ دی۔ ضروریات زندگی کی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئیں۔ ملک کی معاشی صورت حال زوال پذیر ہوتی جارہی ہے۔ بیرونی قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں۔ سرکاری اداروں کے قرضے ساڑھے 13 کھرب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔ حکومت خود انحصاری کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بحال کرے، خسارے میں چلنے والے اداروں کے انتظامی معاملات بہتر بنائے۔ بیورو کریٹس، سیاستدانوں، جرنیلوں اور ججوں کی بیرون ممالک ناجائز دولت واپس لائی جائے۔ حکمران غیر ملکی قرضوں پر انحصار کرنے کے بجائے سادگی کا کلچر اپنائیں اور شاہانہ انداز و اطوار ختم کیے جائیں۔ پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ افراد کو روزگار کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے دعوے نہیں عملی کام کرکے دکھایا جائے۔ احتساب کا نظام موثر بناتے ہوئے ہر کرپٹ فرد کا محاسبہ کرنا ہوگا۔ جب تک ملک بھر میں بلا امتیاز کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی نہیں کی جائے گی، اس وقت تک کرپشن فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ پاناما لیکس میں دیگر 436 پاکستانیوں، قرضہ معاف کرانے والوں اور سوئس اکاؤنٹس میں غیر قانونی طور پر بھاری رقوم منتقل کرنے والوں کیخلاف فی الفور سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملکی دولت کو پاکستان واپس لایا جاسکے۔