ملک گیرشجر کاری مہم کراچی میں درخت کٹنگ میں بدل گئی

388
کراچی: گلشن اقبال میں بڑے پیمانے پر کاٹے گئے درختوں کا منظر
کراچی: گلشن اقبال میں بڑے پیمانے پر کاٹے گئے درختوں کا منظر

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) ملک بھر شجر کاری کی مہم کے دوران گلشن اقبال راشد منہاس روڈ کی گرین بیلٹ پر موجود سیکڑوں درختوں کو کاٹ دیا گیا۔ الہ دین پارک اور کے ڈی اے لال فلیٹ کے سامنے سیکڑوں گھنے درختوں کو کاٹ کر گرین بیلٹ کو اجاڑ دیا گیا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور شاہراہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے کی چشم پوشی کی وجہ سے نامعلوم افراد بلا خوف گھنے درختوں کو کاٹ ڈالا۔ لوگوں نے ” درخت لگاؤ ” کے دوران ان کے کاٹے جانے پر دریافت کیا تو انہیں بتایا گیا کہ ان درختوں کی وجہ سے اشتہاری بورڈز چھپ گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں کاٹ دیا گیا ہے۔ دلچسپ امر یہ کہ اس غیر قانونی اقسام پر بلدیہ عظمٰی اور کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی مقدمہ درج کرایا گیا۔ یادرہے کہ ان دنوں وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ملک بھر میں شجر کاری مہم کے سلسلے درخت لگانے کی مہم جاری ہے۔ ایسے میں کراچی میں درختوں کی کٹائی اس مہم کا ناکام کرنے اور ماحول دشمنی کے مترادف لگتی ہے۔ شہریوں نے درخت کاٹنے میں ملوث افراد اور متعلقہ اداروں کے خلاف فوری سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔