عدالت کے فیصلوں پر عمل در آمد کیوں نہیں ہوتا

319

عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس جناب میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیتے ہوے استفسار کیا ہے کہ کیا قصور کی زینب کے قاتل عمران کی سزائے موت پر عمل ہوگیا ہے؟ اس پر عدالت کو بتایاگیا کہ مجرم کی رحم کی اپیل صدر ممکت کو بھجوائی گئی ہے۔ یہ سوال واقعی بڑا اہم ہے کہ عدالت کوئی حکم دے دے اور اس پر عمل در آمد نہ کیا جائے یہ رویہ قابل گرفت ہے اور چیف جسٹس نے رجسٹرار کو حکم دیا ہے کہ اس حوالے سے مجرم کی سزا پر عمل در آمد کی رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔ لیکن پاکستانی قوم بھی استفسار کررہی ہے کہ ملک میں سود کو حرام قرار دینے سے متعلق عدالت عظمیٰ دو مرتبہ فیصلہ دے چکی لیکن اس پر عمل در آمد نہیں ہوتا۔ کئی چیف جسٹس آئے اور چلے گئے کسی نے استفسار تک نہیں کیا۔ عدالت عظمیٰ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے کا حکم دیا تھا لیکن اس حکم پر بھی عمل در آمد نہیں ہوسکا۔ عدالت نے لوگوں کو لاپتا کرنے سے منع کیا لیکن حال ہی میں الخدمت کے اسسٹنٹ سیکرٹری اعجاز اﷲ خان کو بھی لاپتا کردیاگیا۔ ایک سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے سی این جی مافیا پر ہاتھ ڈالا اور سی این جی کی قیمتوں میں فراڈ کو پکڑا قوم کو تقریباً 40 روپے فی کلو گیس کی قیمت میں فائدہ ہوا آج حکومت نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے عدالت استفسار کرے کہ کیا اتنا اضافہ جائز ہے۔ پاکستانی قوم 71 کے سانحہ سقوط مشرقی پاکستان سمیت 12 مئی کراچی میں ہزاروں افراد کے قتل، سانحہ بلدیہ ٹاؤن اور آرمی پبلک اسکول کے حقائق جاننا چاہتی ہے وہ کس سے استفسار کرے؟