عباسی شہید اسپتال کے24 ڈاکٹر وں سمیت 112ملازمین واپس طلب

224

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمٰی کراچی کے مختلف ڈپارٹمنٹ میں تعینات عباسی شہید اسپتال کے 112 میڈیکل وپیرامیڈیکل اسٹاف کو واپس عباسی شہید طلب کر لیا گیا۔ سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم تسنیم احمد نے مجاز اتھارٹی کی منظوری سے 24 ڈاکٹرز سمیت مختلف گریڈ کے پیرا میڈیکل اسٹاف کو دوبارہ عباسی شہید اسپتال میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق عباسی شہید میں تقرر پانے والے مذکورہ ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف نے اپنی خواہش کے مطابق دیگر اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں اپنی تعیناتی کر ائی تھی جس کے نتیجے میں کے ایم سی کے سب سے بڑے عباسی شہید اسپتال میں اسٹاف کی کمی تھی۔ سینئر ڈائریکٹر میڈیکل وہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل نے میٹرو پولیٹن کمشنر کو عباسی اسپتال میں عملے کی کمی کی شکایت کرتے ہوئے یہ سفارش کی تھی کہ علاقائی میڈیکل سینٹرز اور دیگر اسپتالوں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کیے گئے تمام ڈاکٹروں اور عملے کو واپس تعینات کیا جائے۔