کارخانوں اورملوں سے اٹھنے والا دھواں شہریوں کو بیمارکررہاہے

146

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،ڈاکٹرمحمدانور،الطاف حسین، میاں منیب الرحمن ڈاکٹر عبدالعلیم ،فاروق بیگ اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہرمیں واقع کارخانوں اورملوں سے اٹھنے والے کالے دھوئیں کے بادل شہریوں کو بیماریوں میں مبتلاکررہے ہیں لیکن محکمہ ماحولیات چھوٹے کارخانوں کے خلاف کاروائیاں کرکے خانہ پری کررہاہے۔راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ شہرکے وسط میں واقع سمندری روڈ،مقبول روڈسمیت دیگرمقامات پرواقع ملوں اورفیکٹریوں میں غیرمعیاری ایندھن بڑے دھڑے سے استعمال کیاجارہاہے ،جہاں سے اٹھنے والے کالے دھوئیں کے بادل آسمان پر منڈلاتے نظرآتے ہیں اورقریبی علاقوں کے رہائشی سانس،گلے اورآنکھوں کی بیماریوں میں مبتلارہے ہیں۔ شہرکے مضافات اوردیہاتی علاقوں میں کسانوں اورکاشتکاروں کی طرف سے بھی فصلوں کی باقیات کوسرعام جلایا جاتا ہے جس کے باعث بھی آلودگی میں اضافہ ہوتاہے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ ماحولیات کو فصلوں کی باقیات، میونسپل ویسٹ ،پلاسٹک ،ربڑ،پولی تھین بیگز، لیدر آئٹمز اوردیگرغیرمعیاری ایندھن کو جلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات کے باوجودبڑی بڑی فیکٹریوں،ملوں اورکارخانے کھلے عام ان احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں لیکن متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ،جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ڈی سی فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طورپر ایسی تمام فیکٹریوں،ملوں اورکارخانوں کے خلاف کارروائی کریں جوشہریوں میں موت بانٹنے کا سبب بن رہے ہیں۔