سند ھ میں ملک کا واحد ونڈ کوریڈور موجو د ہے 

367

وزیر توانائی کا انرجی اپڈیٹ اور محکمہ توانائی کے اشتراک سے تیسری بین الاقوامی ونڈ انرجی کانفرنس سے خطاب

کراچی: صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے 54ہزار ایکڑ سے زائد زمین شمسی و پن بجلی سمیت مختلف منصوبوں کیلئے مختص کی ہے۔سند ھ میں ملک کا واحد ونڈ کوریڈور ضلع ٹھٹھہ کے مقامات گھارو اور جھمپیر میں موجود ہیں جہاں اس وقت 20سے زائد پن بجلی کے منصوبے ایک ہزار میگاواٹ سے زائد توانائی پیدا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ اس پر مزید 35سے زائد متبادل توانائی کے منصوبے التواء کا شکارہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں انرجی اپڈیٹ اور محکمہ توانائی سندھ کے اشتراک سے منعقدہ تیسری بین الاقوامی انرجی سمٹ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مختلف مسائل کے باعث ونڈ انرجی کے یہ 35منصوبے التوا کا شکار ہیں جن کا تعلق وفاقی اداروں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود اسلام آباد جا کر متعلقہ اداروں سے بات کریں گے تاکہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت توانائی سے متعلق ایسے تمام وسائل کو مشترکہ مفادات کونسل اور وفاقی وزارتوں کی سطح پر اٹھائے گی تاکہ منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے اپنی بجلی کی ترسیل اور فراہمی کی کمپنی قائم کی ہے اور اب اپنا گرڈ اسٹیشن کا نظام بھی لائے گا تاکہ صوبے میں متبادل توانائی کے منصوبوں سے عوام کو جلد از جلد بجلی فراہم کرہوسکے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے سربراہ امجد علی اعوان نے زور دیا کہ پاکستان کو اگلے 5سے 7سالوں میں اپنا ہدف حاصل کرنا چائیے تاکہ وہ اپنی 30فیصد بجلی متبادل توانائی کے ذرائع سے حاصل کر سکے جبکہ پوری دنیا میں اسوقت ان ہی ذرائع پر کام ہورہا ہے۔تقریب سے ڈنمارک کے پاکستان کے سفیر رولف مائیکل ہے پریرا ہولبو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈنمارک کی حکومت اور توانائی کے نجی ادارے پاکستان میں متبادل توانائی کے ذرائع کے فروغ کیلئے بھر پور تعاون فراہم کرینگے انہوں نے کہا کہ ڈنمارک اگلے چند سالوں میں اپنی سو فیصد توانائی کی ضروریات متبادل توانائی کے ذرائع سے پوری کریگا۔ توانائی کے امور کے ماہر سلطان فاروقی نے کہا کہ گھارو اور جھمپیر کا ونڈ کوریڈور کراچی کے بہت قریب ہے اسلئے کے الیکڑک کو اسے استعمال کرنا چائیے۔تقریب سے کانفرنس کے انتظامی کمیٹی کے سربراہ محمد نعیم قریشی اور سند ھ حلومت کے متبادل توانائی کے ڈائریکڑ محفوظ قاضی نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ متبادل توانائی کے استعمال اور فروغ پرزرو دیا۔