آئی ایم ایف کو مزید قرضوں کی درخواست دینے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا، امیر العظیم

110

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی مزید قرضوں کے لیے آئی ایم ایف کو دی جانے والی درخواست سے ملکی معیشت تباہی کاشکار ہوجائے گی اور پاکستان میں مہنگائی کانیا طوفان آئے گا جو پھر قابو میں نہیں آسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جن ممالک نے بھی آئی ایم ایف سے قرضہ لیا، ان کی معیشت تباہ ہوگئی۔ ترکی اور ملائیشیاکی مثالیں ہمارے سامنے ہیں لیکن جب ان ملکوں نے آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیا تو آج دونوں ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی طرح تحریک انصاف کی نئی حکومت نے بھی وہی طرز عمل اختیار کیا جو پہلے حکمران کرتے آئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے شکنجے میں جکڑنے سے ملکی معاشی حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ اس کا واحد حل خود انحصاری اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان اس استفادہ کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک امریکا کے اشارہ ابرو پر کام کرتے ہیں اور غالب امکان یہی ہے کہ پاکستان کو مزید قرضہ سخت شرائط پر دیا جائے گا۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے جوہر ٹاؤن لاہور میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور جماعت اسلامی یو سی 114 کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ صحت حکمرانوں کی عدم توجہ کے باعث ابتری کا شکار ہے۔ سرکاری اسپتالوں کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے۔ غریب اور مستحق افراد کو صحت کی بنیادی سہولیات نہیں ملتیں۔ ماضی کی حکومتوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ تحریک انصاف کی نئی حکومت کو صحت جیسے بنیادی اہمیت کے حامل شعبے پر فوری توجہ دینی چاہیے اور اسے اپنی اولین ترجیحات میں رکھنا چاہیے۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اس ضمن میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ جب تک حکومتی سطح پر شعبہ صحت پر توجہ نہیں دی جائے گی، اس وقت تک سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آسکتی۔