جرائم کے اڈوں کی بھرمار سے نوجوان نسل پستیوں کا شکار ہے، سلیم گجر

131

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر میاں چودھری سلیم گجر، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، نائب امیر رانا امجد خاں، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اور دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں پولیس کی ملی بھگت سے شہر بھر میں کھلنے والے منشیات، جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اڈوں کی وجہ سے نوجوان نسل بے راہ روی اور اخلاقی پستیوں کاشکار ہورہی ہے۔ منشیات کی لعنت نے نوجوان نسل کوبے کار کردیا ہے، پرچی مافیا کی وجہ سے لوگ کنگال ہورہے ہیں۔ منشیات کا سارا دھندہ انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہوتا ہے، عوامی احتجاج کے باوجود پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ چند ٹکوں کی خاطر معاشرے اور انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں، جن کی سرکوبی کرنے کی ضرورت ہے۔ منشیات کے خاتمے کے لیے بنائی گئی انسداد منشیات فورس کا بھی کہیں کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیاکہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر بڑاآپریشن کرکے ان اڈوں کوختم کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔