خسرہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائے، کمشنر سکھر

162

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے پولیو اور خسرے سے بچاؤ کی مہموں کو کامیاب بنانے کے لیے صحت ، تعلیم ، ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں اور محکموں کو مشترکہ کوششیں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے معماروں کو پولیو، خسرہ اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دن رات محنت کی جائے، اچھی کارکردگی دکھانے والے ورکرز کو ایوارڈ بھی دیے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس روم میں سکھر ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا، جس میں ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ، ڈی سی خیرپور عبدالفتاح ہلیو، ڈی سی گھوٹکی سلیم اوڈھو اور ڈی ایچ او سکھر عبدالستار مہر سمیت ڈبلیو ایچ او، یونیسیف ، صحت ، ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران اورنمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ خسرے سے بچاؤ کی سپلیمنٹری مہم 15 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گی، جس میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد 9 ماہ سے 5 سال تک عمر کے بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے ہدایت کی کہ خسرہ سے بچاؤ کی مہم میں حصہ لینے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مکمل طور تربیت دی جائے اور 9 ماہ سے پانچ سال تک کے ہر بچے تک ٹیموں کا پہنچنا لازم ہے۔ اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔