سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر علامہ حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے، جس سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ روز مرہ کی اشیا گھی، تیل، چینی، آٹا، سبزی اور گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ دوسری طرف گیس اور پیٹرول کے نرخوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹروں نے کرایے میں بے تحاشا اضافہ کردیا ہے۔ باگڑجی اور گھمرا میں عبدالقدوس اور جنید کی وفات پر تعزیت کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام دشمن فیصلے واپس لے اور مہنگائی پر کنٹرول کرے، آئی ایم ایف کی ہدایات کو مسترد کرے۔ حکومت قوم کو نئے قرضوں میں نہیں جکڑے۔ حکمران اپنی عیاشیاں اور پروٹوکول ختم کریں۔ نئی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کیا ہے۔ کرپشن فری کے دعویدار کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر رحمت اللہ گھمرو، محمد علی، حفیظ اللہ جمالی ودیگر بھی موجود تھے۔