گنے کی کرشنگ سیزن کابروقت آغاز یقینی بنایاجائے،علی احمد گورایہ

232

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ڈویژنل صدر علی احمدگورایہ نے کہاہے کہ گنے کے کرشنگ سیزن کابروقت آغاز یقینی بنایاجائے تاکہ لاکھوں ایکڑرقبہ پر گندم کی کاشت وقت پر ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ شوگر ملز ایسوسی ایشن گزشتہ دو سالوں سے مسلسل کرشنگ سیزن میں تاخیر کر رہی ہے۔اس وجہ سے گندم کی کاشت بھی بروقت نہیں ہو پاتی جس کے باعث کم پیداوار کی صورت میں کسانوں کو دوہرا نقصان برداشت کرنا پڑتاہے، حکومت کو گندم، چاول اور گنے سمیت تمام زرعی اجناس کے بروقت نکاس کے لیے زرعی پالیسی تشکیل دینی چاہیئے ۔کرشنگ سیزن میں تاخیرکے باعث جوں جوں وقت گزرتا جاتاہے گنے کے رس اور وزن میں کمی آجاتی ہے جسکے باعث شوگرمل مالکان کاشتکاروں کو گنااونے پونے داموں میں فروخت کرنے پر مجبورکرتے ہیں پہلے ہی فی من کے حساب سے کسانوں کو کئی سال پرانا ریٹ دیاجارہاہے چار سال سے گنے کی فی من قیمت حکومت کی جانب سے 180 روپے پر رکی ہوئی ہے لیکن مل مالکان اس پربھی عمل نہیں کرتے اورکاشتکاروں سے گنا130سے150تک خریدتے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ امسال گنے کافی من ریٹ 250 روپے ہونا چاہیئے کیونکہ ہر گزرتے سال کے ساتھ لیبر اور زرعی مداخل کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔