شہر میں مضرصحت دودھ کی فراہمی لمحہ فکر ہے ، راناطٰہٰ خاں

134

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،ڈاکٹرمحمدانور،الطاف حسین، میاں منیب الرحمن ڈاکٹر عبدالعلیم اورفاروق بیگ ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہر و گردونواح میں ملاوٹ شدہ مضر صحت دودھ کی شکل میں زہر تقسیم کیا جارہا ہے ، بھینس کے دودھ میں گائے کا دودھ اور پانی ملا کر بڑی دیدہ دلیری سے فروخت کیا جا رہا ہے،جبکہ انتظامیہ لمبی تان کر سوئی ہوئی ہے۔عمیرفاروق نے کہاکہ شہر اور گردو نواح میں جیسے جیسے دودھ کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے دکانداروں نے عوام کی جانوں سے کھیلنا شروع کر دیاہے،دودھ کی کمی کوپورا کرنے کے لیے دیہات اورگردونواح کے شہروں سے دودھ کیمیکل ڈرموں میں منگوایا جاتا ہے جوکہ انسانی صحت کے لیے سخت خطرناک ہے،اسی طرح بھینس کے دودھ میں گائے کا دودھ اور پانی کی ملاوٹ بھی عام ہے اس کے علاوہ دودھ کو گاڑھا بنانے کے لیے بھی مختلف قسم کے کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے اس وقت دودھ فروش انسانی جانوں سے کھیل کر پیسہ بنانے میں مصروف ہیں کیمیکل ملا دودھ پی کر لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔محکمہ فوڈاتھارٹی اس بارے میں کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی ۔انہوں نے شدیدحتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرفیصل آباد اور دیگر اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کرکے انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔