سودی معیشت سے معاشی خوشحالی نہیں آسکتی،ظفرالحسن جوئیہ

101

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ تبدیلی اورعوام کوریلیف دینے کے نام پرآنے والی حکومت نے دو ماہ میں ہی عوام کی مشکلات میں خطرناک حد تک اضافہ کردیا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی دھمیال سرکل کے ارکان وکارکنان کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی زون پی پی 12امتیازعلی اسلم،ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ ذمہ داران نے کہاکہ مہنگائی ، بے روزگاری ، وزراء کی آگ اگلتی باتیں اور داخلہ و خارجہ محاذ پر حکومتی بے تدبیریاں عوامی غصہ میں اضافہ کررہی ہیں ۔مدینہ کی ریاست کی بات کرنے والوں کا ہراقدام اس کے مخالف ہے ۔ جب تک ملک میں سودی معیشت ہے ،معاشی خوشحالی نہیں آسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی ، بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسوں کا نظام لوگوں کے اندر غصہ پیدا کررہاہے ۔ حکومت نے خود اپنے لیے مشکلات پیدا کی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی تعصبات اورفرقوں سے پاک دینی تحریک ہے جونظریاتی مملکت میں نظام مصطفے ﷺ کے قیام کیلیے جدوجہد کررہی ہے کارکنان اپنے گھروں سمیت گلی محلوں میں قرآن وسنت کی دعوت کے فروغ کیلیے کوششیں تیزکردیں ہم کسی فرد یا امیرکی طرف نہیں بلکہ اللہ ،رسولﷺ اورقرآ ن کی طرف بلاتے ہیں ۔