سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بھارت اور امریکا کھل کر سامنے آچکے ہیں،امیرالعظیم

121

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ ایک عالمی سازش کے تحت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازع بناکر ناکام بنانے کے لیے دشمن قوتیں متحد ہوچکی ہیں۔بھارت اور امریکا کھل کر سامنے آچکے ہیں۔سی پیک پاکستان کی ترقی وخوشحالی کامنصوبہ ہے جسے جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجانا چاہیے۔اقتصادی راہداری کے حوالے سے امریکی موقف کو پاکستان اور چین دونوں مسترد کرچکے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر جاری معاشی بدحالی کاسی پیک کے منصوبے سے کوئی تعلق نہیں۔سی پیک کی تعمیر پرپوری قوم متحد ہے۔یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کاعظیم منصوبہ ہے۔اس سے جنوبی ایشیامیں ترقی کے ایک نئے دور کا آغازہوگا اورخطے میں غربت میں کمی کاباعث بنے گا۔اقتصادی راہداری پروجیکٹ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ یہ خالصتاً عوامی فلاحی منصوبہ ہے۔اس کے خلاف منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے والے کسی بھی لحاظ سے ہمارے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو چین کے ساتھ مل کر سی پیک کے منصوبے کی تکمیل کرنی چاہیے اور پارلیمنٹ کو اس حوالے سے اعتماد میں لیاجانا چاہیے۔جنوبی ایشیا زرخیزخطہ ہونے کے باوجودصدیوں سے نظر انداز کرکے عوام کا استحصال کیاجاتارہا ہے۔بھارت نے اگرا چھے ہمسایے کاکردار اداکیا ہوتاتووہاں ہر سال کروڑوں افراد معاشی بدحال اور غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پرمجبور نہ ہوتے۔انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ آج بھی مودی کی حکومت سی پیک منصوبے کے خلاف سرگرم ہے اور وہ نہیں چاہتی کہ یہ مکمل ہو۔انڈین وزیراعظم نریندرمودی اپنی متعددتقریروں میں اس کوناکام بنانے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ ملکی معیشت کوسنبھالنے کے لیے سی پیک کامنصوبہ ناگزیر ہے ۔ غربت اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔پاکستان اس وقت سنگین صورتحال سے دوچار ہے، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔