ون ونڈو آپریشن سے بجلی کے نئے کنکشنز کی فراہمی کا فیصلہ 

422

کورنگی ایسوی ایشن میں ڈیسک قائم کیا جائے گا

مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل ، کاٹی اور کے۔ الیکٹرک کا مشترکہ اجلاس 

کراچی:کے۔ الیکٹرک نئے کنکشنز کے لیے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں وون ونڈو آپریشن کا آغاز کرے گا، صنعتوں کے مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق کاٹی اور کے الیکٹرک کے سینیئر حکام کے مشترکہ اجلاس میں ان فیصلوں پر اتفاق رائے کیا گیا۔ اس اجلاس میں کاٹی کے صدر دانش خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینیئر نائب صدر فراز الرحمان اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے کے الیکٹرک چیئرمین نجم العارفین جبکہ کے۔

الیکٹرک کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرزعصمر نعیم، ریجنل ہیڈ ساؤتھ احسن انیس، کے آئی ایم زیڈ، آئی بی سی کے جی ایم مختار احمد راؤ اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کے الیکٹرک کے حکام کو کے۔ الیکٹرک سے متعلق صنعتوں کے مسائل پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ کمیٹیاں بنائی جائیں گی، جن میں سے ایک کمیٹی روز مرہ مسائل کا جائزہ لے گی اور اس کا اجلاس ماہانہ بنیادوں پر ہوگا،

‘جب کہ دیگر بڑے مسائل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس موقع پر کورنگی صنعتی علاقوں میں نئے کنکشن کی فراہمی کے لیے کاٹی میں وون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔ کے۔ الیکٹرک کے وفد نے کاٹی کے عہدے دارن کو انرجی آڈیٹ سہولت کے متعلق بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صنعت کار اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے یونٹس زیر استعمال مشینری اور آلات کا آڈٹ کروا کر بجلی کی بچت کرسکتے ہیں، جس سے نہ صرف بجلی کی بچت ہوگی بلکہ ان کی پیداواری لاگت میں بھی کمی آئے گی۔ اس موقع پر اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر فوری عمل درآمد پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔