ٹیکسوں کی بھر مار اور اشیا کی قیتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہیں، امیر العظیم

91

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔ ٹیکسوں کی بھرمار اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عوام پریشان ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو مسائل سے نجات دلانے کاوعدہ کیا تھامگر برسراقتدار آتے ہی پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کومزیدمسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ ہوناتو یہ چاہیے تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرتی اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ ریلیف کے بجائے عوام کو تکلیف دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی اقدامات سے غریب عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھتے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔ عوام کو کسی بھی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ اگر موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو اس کوعوامی مسائل میں اضافہ کرنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔ تحریک انصاف کی نئی حکومت سے جو عوامی توقعات تھیں وہ پوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔ موجودہ حکومت کی تقریباً دو ماہ کی کارکردگی نے عوام کو متاثر کرنے کے بجائے مایوس کیا ہے۔ ڈالر کی مسلسل اڑان کی وجہ سے مہنگائی میں 30 فیصد سے زائد تک کا اضافہ ہوچکا ہے، جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ جب تک لوگوں کی زندگی میں آسودگی نہیں آئے گی تبدیلی کا نعرہ کبھی عملی صورت اختیار نہیں کرسکے گا۔ حکمران بڑے بڑے دعوے کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضے نہ لینے کا اعلان کرنے والے ایک مرتبہ پھر اپنے بیانات سے یوٹرن لے چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے مختصر ترین کابینہ رکھنے کی نوید سنائی گئی تھی مگر حکومتی کابینہ وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔