تبدیلی کے دعویداروں نے عوام میں مایوسی پھیلانا شروع کردی، امیر العظیم

83

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے ایک ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں 462 فیصد تک مجموعی اضافے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی کارکردگی کا عوامی ردعمل ضمنی انتخابات میں دیکھ لیا ہے۔ اگر صورتحال جوں کی توں ہی رہی تو عوام کا اعتماد تحریک انصاف کی حکومت سے مکمل طور پر اٹھ جائے گا۔ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام میں مایوسی پھیلانا شروع کردی ہے۔ جب سے موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی ہے، مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ گیس کے نرخ بڑھانا اور فلاحی اداروں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو 30 فیصد مہنگی گیس فراہم کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ کمرشل استعمال پر فکسڈ چارجز کو 1225 سے بڑھا کر 4680 اور آئس فیکٹریوں کے لیے 5880 روپے کرنے سے مینوفیکچرنگ انڈسٹری تباہ ہوجائے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت آنے سے مہنگائی کا طوفان آیا ہے۔ ڈالر کو پر لگ گئے، روپے کی قدر گرتی جارہی ہے۔ ناقص پالیسیوں کی بدولت اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار ہے۔ گیس کی قیمت، درآمدی ڈیوٹی اور ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے سے مہنگائی بڑھی ہے اور تمام ٹیکسز کا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل ہوگیا ہے، جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے اور لوگوں کی قوت برداشت جواب دے رہی ہے۔ حکمرانوں نے اگر اپنی روش نہ بدلی تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں جیسا ہی ہوگا۔ اقوام متحدہ کے جاری اعداد وشمار کے مطابق انسانی ترقی کے حوالے سے پاکستان کا نمبر 189 ممالک میں 150 ویں نمبر پر آتا ہے۔ بھارت، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا کا شمار پاکستان سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ یہ تشویش ناک امر ہے کہ ملکی معیشت خراب سے خراب ترہوتی چلی جارہی ہے۔