سکھر( نمائندہ جسارت) موٹر وے ہیڈکواٹر سکھرمیں سکھر بلڈ بینک کے تعاون سے تھیلسمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے لئے میڈیکل کیمپ لگایا گیا، اس موقع پر موٹر وے پولیس کے ایس ایس پی غلام سرور بھیو سمیت موٹر وے پولیس کے افسران اور جوانوں نے موٹر وے ہیڈکواٹر سکھرمیں خون کے عطیات دیے۔علاوہ ازیں موٹر وے پولیس افسران و جوانوں کے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے، جن میں آنکھوں کا ٹیسٹ، بلڈ پریشر ، بلڈ ٹیسٹ ایچ آئی وی، ہیپاٹائیٹس بی سی اور شوگر کے ٹیسٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی غلام سرور بھیو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تھیلسمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں کے لئے موٹروے پولیس کی جانب سے خون کے عطیات دینا موٹر وے پولیس کے لئے باعث فخر ہے اور ایک نیک عمل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی موٹر وے پولیس اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔