کراچی میں بھتہ مافیا دوبارہ سرگرم

353

کراچی میں بھتہ مافیا دوبارہ سرگرم ، واٹس ایپ کال پر 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا، واٹس ایپ کال کاٹنے پر کار چلاتے تاجر پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی ۔
گزشتہ رات پیپلز چورنگی پر بھتہ نہ دینے پر موٹر سائیکل پرسوار 2 نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کردیا ۔
زخمی شخص کے بھائی کاشف کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات انٹرنیشنل نمبر سے واٹس ایپ پر کال آئی اور 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا اُس نے کال کاٹ دی۔
کاشف کا مزید کہنا ہے کہ دو سے تین مرتبہ کالز آئیں لیکن اُس نے کال وصول نہیں کی اور اسی دوران پیپلز چورنگی کے قریب پہنچتے ہی وہاں پر موجود موٹر سائیکل پرسوار 2 نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق زخمی شخص سے فون پر 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا گیا تھا اور بھتہ مانگنے والے افراد نے اپنا تعارف لیاری گینگ وار کے زاہد لاڈلہ کے طور پر کرایا تھا۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔