سعودی قرض عمران خان کی پہلی بڑی کامیابی ہے، زبیر طفیل 

249

کراچی : سعودی عرب سے مراعاتی پیکیج کا حصول وزیراعظم عمران خان کی پہلی بڑی کامیابی ہے‘ معاشی و مالیاتی بحران کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات لائق تحسین ہیں لیکن ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ایف بی آر سمیت تمام قومی اداروں میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی کے مرکزی جنرل سیکریٹری زبیر طفیل نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے لئے اسٹیک ہولڈر کو آن بورڈ لیکرطویل المدتی معاشی و اقتصادی پالیسیاں مرتب کرکے موجودہ ملکی اقتصادی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے‘ قومی معیشت میں بزنس کمیونٹی کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے‘ انہیں اعتماد میں لے کر معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے‘ زبیر طفیل نے کہا کہ قرضوں اور خساروں سے چھٹکارے کے لئے زمینی حقائق کے مطابق قومی اداروں میں اصلاحات اور بزنس کمیونٹی کو ریلیف دیا جائے

انہوں نے کہا کہ بدلتے عالمی حالات کے تناظر میں معاشی استحکام ہی ملکی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے‘ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بحرانی معاشی صورتحال میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بزنس کمیونٹی ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ زبیر طفیل نے سعودی عرب کے کامیاب دورے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشی و اقتصادی اصلاحاتی عمل میں بزنس کمیونٹی سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔