بجلی کی قیمت میں اضافہ فوری واپس لیاجائے،امیر العظیم

126

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے بجلی کی قیمت میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ قابل مذمت ہے، اس اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ حکومت عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لائن لائسز میں کمی لانے کے حوالے سے اقدمات کرے اور بجلی چوروں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ چند دن پہلے وزیراعظم عمران خان نے بیان دیا تھا کہ کسی دوسرے کی بجلی چوری اور بدانتظامی کاخمیازہ عوام بھگتیں، یہ قبول نہیں اور آج بجلی کے نرخ بڑھا کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر نگرانی بنائی جانے والی خصوصی ٹاسک فورس کو عملاً فعال کیا جائے۔ توانائی بحران نے ملکی معیشت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔ رہی سہی کسر اووربلنگ نے پوری کردی ہے۔ محکمہ واپڈا میں موجود کرپٹ افراد عوام کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھا کر ان کی زندگیاں اجیرن بنا رہے ہیں۔ ایک طرف دو مرلے کے گھروں کا بل 70 ہزار سے زائد آرہا ہے، جبکہ دوسری جانب غلط بلوں کی درستگی کے نام پر عوام کو ذلیل ورسوا کرنا معمول ہے۔ واپڈا کے محکمے کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہوگا۔ فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ پانی، کوئلے اور دیگر ذرائع سے سستی بجلی بنا کر توانائی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ضرورت صرف حکمرانوں کی ترجیحات اور وژن کی ہے۔ بجلی کے حالیہ نرخوں میں اضافے سے عوام کے ساتھ ساتھ صنعتیں اور دیگر کاروباری یونٹس کی پروڈکشن لاگت میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے پاکستانی مصنوعات غیر ملکی مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کرسکیں گی۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کشکول توڑنے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت متعدد بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگرموجودہ حکومت بھی سابق حکمرانوں کے رستے پر چل پڑی ہے۔ ٹیکسوں کی بھرمار اور آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پی ٹی آئی کی حکومت نے دو ماہ میں ہی عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔
سکھرپولیس کی کارروائی،دو ملزمان موبائل فون سمیت گرفتار
سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر اسپیشل پولیس کی کارروائی 6 مسروقہ موبائل فون برآمد، مالکان کے حوالے کر دیا گیا، دو ملزمان گرفتار، تفتیش جاری،پولیس ترجمان کے مطابق موبائل فونز مالکان کے حوالے کردیے گئے۔ موبائل مالکان نے موبائل برآمدگی پر ایس ایس پی سکھر سید اسد شاہ سے اظہار تشکرکیا ہے۔