اسلام آباد کے تاجراسپین پہنچ گئے

335

پاکستان اور سپین کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے امکانات پرتبادلہ خیال 

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک سات رکنی وفد نے چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی قیادت میں سپین کا دورہ کیا اور پاکستان و سپین کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ وفد میں اشعر حفیظ، محمد اشفاق چھٹہ، طاہر ایوب، محمد فہیم خان، محترمہ ناصرہ علی اور محترمہ عائشہ خان شامل تھے۔ وفد کا تعلق فوڈ اینڈ فوڈپراسسنگ، تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر شعبوں سے تھا ۔وفد نے سپین میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد نے سپین میں پاکستان کے سفارتخانے کا بھی دورہ کیا اور پاکستان کے سفیر جناب خیام اکبراور کمرشل کونسلر ڈاکٹر حامد علی کے ساتھ ملاقات کی۔ سپین کے دورہ کے دوران پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل سیکشن نے وفد کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے سپین میں پاکستان کے سفیر جناب خیام اکبر نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان متعدد شعبوں میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں کے نجی شعبوں کو براہ راست ملاقاتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ وہ مشترکہ تعاون کے تمام ممکنہ مواقعوں سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں سپین کی طرف پاکستان کی برآمدات میں کافی بہتری آئی ہے جس وجہ سے برآمدات ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔
سپین میں تعینات پاکستان کے کمرشل کونسلر ڈاکٹر حماد علی نے وفد کو بتایا کہ پاکستان کے نجی شعبے کیلئے سپین کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیکسٹاءئل، فوڈ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور تعمیرات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا تاجر برادری ان مواقعوں سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔انہوں نے وفد کو پاکستان کی وزارت تجارت کے ایمرجنگ پاکستان منصوبے کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا جس سے تاجر برادری استفادہ حاصل کر سکتی ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک نے کہا کہ چیمبر آئندہ سال مارچ یا اپریل میں سپین میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تا کہ سپین کے نجی شعبے کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پائے جانے والے کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بہتر طور پر آگاہ کیا جا سکے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارتخانہ بزنس کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے۔انہوں نے پاکستان سفارتخانے کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو وہ سپین کے مشہور برانڈ زارا بائنگ ہاؤس کو پاکستان میں کھولنے کیلئے کر رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سپین میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ مل کر پاکستان اور سپین کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔