نکاسی آب کے نظام پر خصوصی توجہ دی جائے ،طارق حسین چوہان

145

سکھر( نمائندہ جسارت) قائم مقام میئر سکھر طارق حسین چوہان نے انچارج واٹر ورکس اور انچارج ڈرینجر اسٹیشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو پوری استعداد کار کیساتھ پانی فراہم کیا جائے جبکہ نکاسی آب کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ یہ ہدایات انہوں نے واٹر ورکس اور ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے دیں ‘ اس موقع پر یو سی چیئرمین شفیق پیرزادہ ‘ ایکسئین شرف الدین ڈنور ‘ انچارج واٹر ورکس پیر عطاء الرحمن خان اور کونسلرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قائم مقام میئر طارق حسین چوہان نے نیوپنڈ ‘ پرانا سکھر ‘ قریشی گوٹھ اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے انچارج واٹر ورکس پیر عطا الرحمن خان کو ہدایت کی کہ شہر کے ہر علاقے میں شیڈول کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران جنریٹرز کے ذریعے پانی کے ٹینکوں کو بھرا جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں پانی کی عدم فراہمی کی شکایت موصول نہ ہوسکے ۔ انہوں نے ڈرینج اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے انچارج ڈرینج ظہور دھایجو کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پمپنگ اسٹیشن کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے ‘ لوڈ شیڈنگ کے دوران جنریٹرز کے ذریعے موٹروں ‘ پمپس و دیگر مشینری کو متحرک رکھا جائے تاکہ شہر کے کسی بھی علاقے سے اوور فلو کی شکایت نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی کمی کے پیش نظر مختلف برانچوں کے اسٹاف کا واٹر ورکس اور ڈرینج اسٹیشز پر تبادلہ کیا گیا ہے تاکہ عدالتی احکامات پر 932 ملازمین کی برطرفی سے پیدا ہونے والا خلا پُر ہوسکے اور شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت پیش نہ آئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہمارا نصب العین ہے ‘ مسائل کے حل کے لیے منتخب بلدیاتی قیادت کوشاں ہے ۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کام ایمانداری اور لگن کے ساتھ انجام دیں ‘ ہماری اور ادارے کی عزت ہمارے کام سے ہوگی لہٰذا ملازمین دل جمعی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں ‘ کام چور ملازمین کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔