بھارت وادی کشمیر میں خون کی ہولی کھیل کر اسے جہنم بنا رہا ہے

130

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی ) جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وادی کے مختلف علاقوں میں حالیہ آپریشن کے دوران بیسیوں نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے بھارتی درندگی کا نوٹس، کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات اور اپنی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل کر کے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا موقع دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنت نظیر وادی کشمیر میں خون کی ہولی کھیل کر اسے جہنم بنا دیا ہے۔ اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیکر موت کی وادی میں دھکیلا جارہا ہے مگر بھارتی فوج چھرے والی گولیوں سے لیکر تمام انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام سے جدوجہد آزادی کا عزم اور نوجوان کشمیریوں سے شوق شہادت اور جذبہ جہاد میں ذرہ برابر بھی کم نہیں کر سکتی۔ ان شاء اللہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور نوجوانوں کی شہادتیں ضرور رنگ لاکر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون اور جارحانہ عزائم کشمیر کی آزادی اور خطے میں قیام امن میں بڑی رکاوٹ ہیں، اقوام متحدہ سمیت عالمی ضمیر کی خاموشی افسوس ناک امر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں قیام امن ناممکن ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔