ریلوے میں نئی بھرتیوں کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں،خالد محمود چودھری

136

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری نے وفاقی وزیر ریلوے کی طرف سے ریلوے میں نئی بھرتیوں کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے نئی بھرتی خوش آئند ہے مگر سیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو پہلی ترجیح دی جائے، پرائم منسٹر پیکیج کے تحت کام کرنے والے ریلوے ملازمین اورٹی ایل اے اسٹاف کو فوری طور پر مستقل کیا جائے، گینگ مین ،آئی او سٹاف،کیرج اسٹاف،آڑ ٹی ایل، الیکٹریکل اسٹاف، برج ، ٹیلی کام ، ٹرین کلرک،سگنل اسٹاف ،ٹریفک یارڈ سٹاف ، شیڈ اسٹاف،نائب قاصد اور اسٹاف کارڈرائیور سمیت تمام کیٹگریز کو اپ گریڈکیا جائے ۔جن لوگوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی تعمیر و ترقی میں صرف کر دیں ان کے بچوں کا پہلا حق برقرار رکھا جائے۔اجلاس میں ملک بشیر، باؤ طاہر ، ظہیرالدین بابر، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید ، نعیم اختر،محمد رمضان ، نادر شاہ اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار نہ کیا جا ئے ۔وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبو د میں گزار دیں آج در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ریلوے کے مزدوروں نے شب و روز محنت کرکے ریلوے کے ناکارہ انجنوں کو دوبارہ ٹریک پر رواں دواں کردیا ہے،، ریل کی ٹائمنگ بہتر ہوئی۔ چار سال کے بعد ریلوے میں مال گاڑیاں، کنٹینر اسپیشل اور آئل کی ٹرینیں ریلوے ٹریک پر نظر آنا شروع ہوگئیں۔ اب حکومت بھی مزدور دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلوے ملازمین کا حق تسلیم کرے ۔ دن رات اپنے وطن کی خدمت پر مامور ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کرنا ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریم یونین اپنے قائد پریم حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے تحفظ کے لیے بھر پو ر جدوجہد کر رہی ہے اور کسی کو بھی ریلوے ملازمین سے زیادتی نہیں کرنے دے دیں گے ۔