اٹلی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے میں سفارتخانہ تعاون کرے۔ احمد حسن مغل
اسلام آباد : پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر جناب سٹیفانو پونٹیکوروا نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان کاروبار کیلئے ایک پر امید مارکیٹ ہے اور اٹلی کا ایک تجارتی وفد فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ ان سے ملاقات کی اور چیمبر کی طرف سے اٹلی میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اٹلی کے سفیر نے چیمبر کی طرف سے ان کے ملک میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے ٹریڈ کمیشنر بھی دسمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی ائیرپورٹ مینجمنٹ سسٹم، سڑکوں کی تعمیر، پاور جنریشن، ماربل، معدنیات، ٹیکسٹائل، لاجسٹک، ربوٹکس اور کاسمیٹکس سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ان ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی اب بڑے بزنسمینوں کے طور پر ترقی کر چکے ہیں اور ان کے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں بھی حکومت کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ چیمبر اس سال جون میں ترکی میں ایک کامیاب بزنس کانفرنس منعقد کر چکا ہے اور اب چیمبر اسی طرح کی ایک کانفرنس اٹلی میں منعقد کرنا چاہتا ہے جس کیلئے اٹلی سفارتخانے کا قریبی تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کو اس وقت کئی چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم تاجر برادری کو موجودہ حکومت کے اقدامات سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے اچھے مواقع پیدا کر دیئے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اٹلی کے سرمایہ کار سی پیک میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اٹلی کے وفد کو پاکستان کے دورہ کے موقع پر بی ٹو بی میٹنگز کرانے اوران کو صیح ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کرانے میں تعاون کرے گا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے مل کر کوششیں کی جائیں گی۔