پاکستانی زرعی و صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، ویت نام 

368

سفیر فام ہونگ کم کا دورۂ کاٹی، باہمی تجارت میں فروغ پر اتفاق، صدر کاٹی دانش خان اور دیگر کا اظہار خیال 

کراچی: پاکستان میں متعین ویت نام کے سفیر فام ہونگ کم نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، زراعت ، چمڑے، ٹیکسٹائل سمیت دیگر صنعتوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجو د ہیں جن سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ ویت نامی سفیر کی آمد پر کاٹی کے صدر دانش خان، سینیئر نائب صدر فراز الرحمن، نائب صدر ماہین سلمان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور مسعود نقی ، سینیٹر عبدالحسیب خان ، گلزار فیروزنے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر فیڈریشن کے نائب صدر طارق حلیم، اکبر فاروقی، احتشام الدین، طارق ملک ، غضنفر علی خان، ندیم خان ، ویتنام کے کمرشل قونصلر نوگ ین ہانگ ٹین ، اتاشی فام تری ترنگ اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر دانش خان نے کہا کہ جفت سازی کی صنعت میں ویت نام اور پاکستان کے مابین براہ راست تجارت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کے دیگر ممالک کے ذریعے قائم ہونے والے تجارتی تعلقات کے مقابلے میں یہ زیادہ بہتر اور دونوں ممالک کے لیے منافع بخش طریقہ کار رہے گا۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور مسعود نقی کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے ویزہ پالیسی میں مزید آسانیاں پیدا کرنے اور وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی معاہدات اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے اقدامات پر بھی زور دیا۔ بعدازاں اجلاس سے خطاب میں ویت نامی سفیر نے کاٹی کے صدر اور دیگر عہدے داران کی تجاویز سے اتفاق کیا اور دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں فروغ کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

فوٹو کیپشن: کاٹی کے صدر دانش خان ویت نام کے سفیر فام ہونگ کم کو کاٹی کی شیلڈ پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان ، مسعود نقی ،گلزار فیروز، فراز الرحمن، ماہین سلمان، طارق حلیم، احتشام الدین، طارق ملک ، غضنفر علی خان، ندیم خان ، ویتنام کے کمرشل قونصلر نوگ ین ہانگ ٹین ، اتاشی فام تری ترنگ اور دیگر بھی موجودہیں۔