چیف جسٹس کا بھارتی مواد دکھانے پر پابندی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں

131

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاں زبیرلطیف ،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر میاں عبدالستار بیگا ، رانانعیم اکرم، حاجی محمدحنیف اوردیگر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی جانب سے ٹی وی چینلز پر بھارتی مواد دکھانے پر پابندی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ میاں زبیرلطیف نے کہاکہ بھارتی میڈیا کی یلغار سے ہماری نوجوان نسل تباہ ہورہی تھی ایک طرف بھارت پاکستان پر آبی جارحیت کا مرتکب ہورہاہے اور دوسری طرف ثقافت کی آڑ میں پاکستان کی اسلامی و نظریاتی اساس پر حملہ آور ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی قومی نشریاتی ادارہ اور نجی ٹی وی چینلز کو آئین، قانون اور ضابطے کا پابند بنایا جائے۔ ٹی وی چینلز پر اخلاق باختہ پروگرامات و اشتہارات دکھائے جارہے ہیں جو آئین و قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو ملک کے قوانین کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ فیملی شوز کے نام پر خواتین، خصوصاً چھوٹی عمر کی بچیوں کے درمیان گانے و ڈانس کے پروگرامات نشر کر کے پاکستان کی اسلامی نظریاتی شناخت کی تضحیک کی جارہی ہے، ایسے ٹی وی شوز پر پابندی لگنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا پر پابندی کسی صورت قبول نہیں تاہم میڈیا کا بھی فرض بنتاہے کہ وہ اعلیٰ اخلاقی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھے اور عوام کو صحت مند، مثبت اور تعمیری تفریح فراہم کرے جس سے عوام کے اندر احساس ذمے داری پیدا ہو۔