حکومت کسانوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں،علی احمد گورایہ

136

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ڈویژنل صدر علی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی کسانوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔زرعی مداخل مہنگے جبکہ زرعی اجناس کا کوئی خریدار نہیں۔شوگرملوں نے کسانوں کو لوٹنے کے ریکارڈ قائم کر دیے۔مطالبات نہ مانے گئے تو پورے پاکستان کی سڑکیں بلاک کر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شوگرملوں نے کسانوں کے اربوں روپے لوٹے۔اور اب بھی شوگر ملوں کی طر ف سے کرشنگ سیزن لیٹ کرکے کسانوں کو لوٹنے کا پروگرام بنایاجا رہا ہے۔ کرشنگ سیزن کا بر وقت آغاز نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں میں بہت زیادہ بے چینی پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کے لیے یہ بھی باعث پریشانی ہے کہ کرشنگ سیزن بہت زیادہ لیٹ ہونے کی وجہ سے وہ گنا کاٹ کر لاکھوں ایکڑ پر گندم کاشت کرنے سے محروم ہو جائیں گے جس سے نا صرف کسانوں کو نقصان ہو گا بلکہ مجموعی قومی پیداوار کی GDPبھی متاثر ہو گی اور ملک میں گندم کی پیداوار کم ہونے کی وجہ سے ملک فاقہ کشی کا شکار ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کسان بورڈنے ملک بھر میں جگہ جگہ کنونشن منعقد کرکے حکمرانوں کو کسانوں کے مسائل اور مطالبات پیش کرنے کا پروگرام شرو ع کر رکھا ہے۔ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو پورے پاکستان کی سڑکیں بلاک کرکے اپنے مطالبات منوائیں گے۔