کراچی میں موٹر سائیکل کے پرزہ جات کی تیاری

755

کراچی: پاکستان میں موٹر سائیکلوں کے معیاری پرزہ جات بنانے کیلئے تقریباً 2کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے اٹلس آٹوز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی کراچی میں قائم فیکٹری میں ڈی آئی ڈی (D.I.D.) اسمبلی پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔ چَین ڈرائیو مارکیٹ میں جدید ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنی ڈائی ڈو کوگیو کو لمیٹڈ(DAIDO Kogyo Co. Ltd., Japan) سے تیکنیکی اشتراک سے پاکستان میں موٹر سائیکلوں کے معیاری پرزہ جات بنائے جائیں گے۔

اٹلس گروپ کی کمپنی آئندہ تین برسوں میں موٹر سائیکلوں کی چَین ڈرائیوز اور کیم چین (CAM chains) ہنڈا موٹر سائیکلوں کے لیے بنائے گی۔اس موقع پر افتتاحی تقریب میں عامر ایچ شیرازی صدر اٹلس گروپ، ہیروفومی آرایا نائب صدر ڈائی ڈو اور یوجی توکیتا، قونصلر معاشی امور جاپانی سفارت خانہ مہمان خصوصی بھی موجود تھے۔قبل ازیں سہیل احمد سی ای او اٹلس آٹوز لمیٹڈ اور ہیروفومی آرایا، نائب صدر ڈائی ڈو کوگیو نے 2کروڑ ڈالر کے ایک نئے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے ۔

نئی کمپنی میں اٹلس گروپ کی ملک میں کاروباری مہارت کو استعمال اور ڈائی ڈو کی ٹیکنالوجی کے ذریعے موٹر سائیکل چین بنانے اور مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا اور ملک کی مارکیٹ مانگ کو پورا کیا جائے گا۔ یہ کاروباری اشتراک دونوں کمپنیوں کے درمیان ایک سنگ میل ہے اور دونوں پارٹنرز کے درمیان پہلے سے موجود تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔