چکن فروشوں کے کیمیکل والے ڈرم شہریوں میں موت بانٹ رہے ہیں

133

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانور، میاں اعجاز حسین ، الطاف حسین،میاں شفیق الرحمن اوردیگرنے کہا ہے کہ شہراورگردونواح میں چکن فروشوں کے کیمیکل والے ڈرم شہریوں میں موت بانٹ رہے ہیں جبکہ محکمہ صحت اور ماحولیات کے افسران کی بے حسی عروج پر ہے ،ان ڈرموں میں مرغیوں کوذبح کرنے کے بعدپھینک دیاجاتاہے اورتمام آلائشیں بھی انہیں ڈرموں میں موجودہوتی ہیں۔کیمیکل والے یہ ڈرم اورآلائشیوں کا تعفن فروخت ہونے والے گوشت پراپنے بداثرات چھوڑ دیتاہے جوکہ سراسر زیادتی اورانسانی جانوں کے ساتھ ظلم ہے ۔یہ گوشت کھانے سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلاہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صفائی اورماحول کا خیال رکھنا محکمہ صحت اورماحولیات کے ذمے داران کا ہے جوکہ چشم پوشی اختیارکیے ہوئے ہیں،جن کایہ وتیرہ ناقابل فہم ہے ان کی اس مجرمانہ غفلت کے باعث شہری مجبوراًان پولٹری شاپ سے ناقص اورغیرمعیاری گوشت خریدنے اور کھانے پر مجبور ہیں ۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ڈی سی فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کریں کہ فوری طور پر کیمیکل والے ڈرم تبدیل کیے جائیں۔