ناموس رسالت ؐ کیلیے احتجاج کرنا ریاست سے لڑنا نہیں ،رانا عدنان خان

59

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خان نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ؐ کے لیے لڑنا اور احتجاج کرنا ریاست سے لڑنا نہیں، عدالت عظمیٰ اس فیصلے پر نظر ثانی کرے اور کوئی بڑا بینج بنا کر دوبارہ سنے،وزیر اعظم عمران خان عوام کو اس فیصلے کے خلاف احتجاج سے کیوں روک رہے ہیں، ہم عوام کی ترجمانی کرنا چاہتے ہیں، قوم کے احساسات و جذبات کو دبانے کی کوشش نہ کی جائے، پُر امن احتجاج عوام کا حق ہے اور عاشقان رسولؐ کا اپنے نبی سے محبت کا اظہار ہے،ممتاز قادری کو 29فروری کو پھانسی اور ملعونہ آسیہ کا فیصلہ 31اکتوبر کو ہی آخر کیوں ہوا اس دن تو غازی علم دین نے ناموس رسالتؐ پرجان دی تھی، اس دن یہ فیصلہ دے کر آخر کیا پیغام دیا گیا ہے؟،یورپی یونین نے فیصلہ دیا ہے کہ کوئی بھی کسی بھی نبی کی توہین نہیں کرے گا ہم اس کا خیر مقد م کرتے ہیں۔توہین رسالتؐ کی کوشش کرنے والوں کو مغرب نے ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے،تسلیمہ نسرین اور سلمان رشدی کا خیر مقدم کیا گیا ہے اگر آسیہ کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالا گیا تو اس کو ملک سے فرار کرادیا جائے گا۔ یہ ملک عاشقان مصطفی اور غلامان مصطفی کا ملک ہے ملعونہ آسیہ کے عدالتی فیصلے کو عوام نے قبول نہیں کیا ہے، عدالت نے اہم امور کو نظر اندا زکیا ہے۔آسیہ کامسئلہ وزیر اعظم عمران خان کے لیے ایک بڑا امتحان ہے، عاشقان رسولؐ آسیہ کو ملک سے فرار کرانے کی سازش اور کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔حکومت نے پورے ملک میں دفعہ 144نافذ کر کے کس کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، عوام اس پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے پر افسردہ اور سراپا احتجاج ہے اور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عزیمت و محبت اور عشق ومصطفی سے سرشار ہیں۔