ہڑتال کال پر سبزی منڈی میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر

964

 

کراچی:مذہبی جماعتوں کی جانب سے جمعہ کو ہڑتال کی کال پر سبزی منڈی میں بھی کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر رہیں۔امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں قائم پھل و سبزی منڈیاں بند رہنے سے بیوپاریوں کو کروڑ وں روپے سے زائد کا نقصان ہوا

۔تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے پر قائم ملک کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں جمعہ کو صبح کے وقت خریداروں کی تعداد ناپید رہی جبکہ لوڈر گاڑیاں بھی برائے نام تھیں۔کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے سبزی اور پھلوں کے بیوپاریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔اندرون ملک سے سپرہائی وے کی سبزی منڈی میں روزمرہ استعمال ہونے والی سبزیاں آلو ،پیاز ،ٹماٹر ،پالک،بینگن ،مولی ،گاجر ،گوبھی ،ساگ ،میتھی ،شلجم ،کریلے ، مٹر، سبز مرچ فروخت کیلئے لائی گئیں مگر 70فیصد مال فروخت نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہوگئیں

جبکہ پھلوں کے تاجر کیلا ،سیب ،انار ،انگور ، سنگھاڑے اور دیگر پھل خریدنے والوں کی راہ تکتے رہے بعد ازاں بیوپاریوں کو ان پھلوں کو اسٹور میں رکھنا پڑا جبکہ اندرون سندھ سے سبزی منڈی کیلئے پیاز اور ٹماٹرکی ترسیل بند رہی جس کی وجہ سے آج ہفتے کو سبزی منڈی میں پرانا مال ہی نیلام ہوگا ۔ علاوہ ازیں شہر کے داخلی وخارجی راستے بند ہونے سے برائلر مرغی کی ترسیل بھی بند رہی،متعدد گاڑیاں شہر میں داخل ہی نہ ہوسکیں جسکے باعث 80 فیصد سے زائد د کانیں بندرہیں اور جو دکانیں کھلی ہوئی تھیں وہاں مہنگے داموں مرغی فروخت کی گئی،دکانداروں نے مرغی کی ترسیل بند ہونے کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ قراردیا۔ اسی طرح انڈے بھی 10روپے فی درجن مہنگے فروخت کئے گئے۔